ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فروری 6سے ہوگا لیجس لیٹرس کے مشترکہ سیشن کاآغاز؛ سیشن ہنگامہ خیز ہونے کاامکان۔8فروری کو کمار سوامی پیش کریں گے بجٹ

فروری 6سے ہوگا لیجس لیٹرس کے مشترکہ سیشن کاآغاز؛ سیشن ہنگامہ خیز ہونے کاامکان۔8فروری کو کمار سوامی پیش کریں گے بجٹ

Sat, 26 Jan 2019 12:38:46    S.O. News Service

بنگلورو26جنوری (ایس او  نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج کہا کہ کرناٹک لیجس لیٹرس کامشترکہ اجلاس 6فروری سے شروع ہونے کاامکان ہے ۔

وزیراعلیٰ نے آج ریاستی گورنر وجو بھائی والا سے راج بھون میں ملاقات کرکے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے انہیں مدعو کیا ہے ۔ گورنر سے ملاقات کرنے کے  بعد کمار سوامی نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے مشترکہ اجلاس اورمالیاتی سال برائے 2019-20کا ریاستی بجٹ پیش کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا ہے ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ روایت کے مطابق مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے گورنر کو دعوت بھی دی گئی ہے ۔انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ6فروری سے بجٹ سیشن شروع ہونے کاامکان ہے ۔ وزیر اعلیٰ اپنے پاس فائنانس کا قلمدان بھی رکھتے ہیں قبل ازیں انہوں نے بتایا کہ 8فروری کو وہ ریاستی بجٹ پیش کریں گے۔ کمار سوامی نے بتایا  کہ اگلے ماہ سال برائے 2019-20کا ریاستی بجٹ پیش کئے جانے کے پیش نظر وہ اس وقت مختلف محکموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف اضلاع کے کسانوں کے  لیڈروں سے تبادلہ خیال کرکے بجلی ،آبپاشی فصل بیمہ ،بیج، مارکیٹنگ اور دیگر امور سے متعلق ان کے مشورے بھی حاصل کئے ہیں تاکہ ان کے اچھے مشوروں کو شامل کرکے اچھے پروگرامس مرتب کرنے اقدامات کئے جاسکیں ۔

حال ہی میں کمار سوامی نے میڈیا کو بتایا تھا کہ 46ہزار کروڑ روپئے زرعی قرضے معاف کرنے کے وعدہ کو وہ کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے دوسرے بجٹ میں پورا کریں گے ۔ اب وزیر اعلیٰ 8فروری کو ریاستی بجٹ پیش کررہے ہیں وہ اپنے وعدہ کو کس حد تک پورا کریں گے ، بجٹ پیشی کے وقت پتہ چلے گا۔ قبل ازیں بجٹ سے قبل میٹنگ میں شرکت کے بعد وزیر کو آپریشن بنڈپا کاشمپور نے بتایا کہ پچھلے بجٹ میں وزیر اعلیٰ نے زرعی قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا اور امید ہے کہ وہ اگلے بجٹ میں کسانوں کے مفادات کاتحفظ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اہل کسانوں کو قرضہ معافی کافائدہ ضرور پہنچے گا ،یہ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے کاشمپور نے کہا کہ زرعی قرضے معافی سے متعلق جن کسانوں کومسائل کا سامنا ہے جیسے ان کے نام ان کے آدھار کارڈ وں سے میل نہیں کھا رہے ہیں وہ متعلقہ تحصیلدار وں کی مدد سے حل کئے جائیں گے ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کسانوں کی آسانی کیلئے اہم چند ضوابط اس اسکیم سے نکال رہے ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ کسانوں کے مطالبات میں ان کی فصل کو کم از کم تائیدی قیمت مقرر کرنا اور سوامی ناتھن کمیٹی رپورٹ کو نافذ کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چند کسانوں نے یہ شکایت کی ہے کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹر کے مقابلے فصل کٹائی مشین کی رجسٹریشن فیس کرناٹک میں زیادہ ہے ۔کہا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اس معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔


Share: